امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) میکسیکو کی 26 سالہ حسینہ آندریا میزا نے مس یونیورس 2021 کا اعزاز حاصل کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ہونے والی تقریب میں مس میکسیکو نے مقابلے میں شریک دنیا بھر کی 70 سے زائد حسیناؤں کو مات دیتے ہوئے مس یونیورس کا اعزاز اپنے نام کیا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث 2020 میں مس یونیورس کا مقابلہ پہلی بار ملتوی کر دیا گیا تھا۔
تقریب کے موقع پر مس میانمار نے اپنے وقت کو اپنے ملک میں فوجی بغاوت کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے میں صرف کیا۔
تقریب میں دکھائی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے شہری مر رہے ہیں اور فوج روز انہیں گولیاں مار رہی ہے، سب سے اپیل ہے کہ وہ میانمار کے لیے آواز بلند کریں۔
مس میانمار مس یونیورس تو نہ بن سکیں تاہم انہوں نے بہترین قومی لباس کا ایوارڈ جیت لیا، تقریب میں وہ روایتی برمی لباس میں موجود تھیں اور ہاتھوں میں پوسٹر اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا کہ میانمار کے لیے دعا کریں۔