میکسیکو سٹی (جیوڈیسک) شمالی میکسیکو میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 85 افراد زخمی ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میکسیکو کی ریاست ڈورنگو کے ایک ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 5 منٹ بعد ہی ایرو میکسیکو کا طیارہ زمین پر آگرا۔
طیارے میں 2 شیرخوار بچوں اور عملے کے 4 ارکان سمیت 103 افراد سوار تھے۔
تاہم طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ لگنے سے قبل مسافروں اور عملے نے جہاز سے چھلانگ لگا دی اور محفوظ رہے۔
میڈیا پر نشر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز بالکل تباہ ہوچکا ہے اور اس میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
ڈورنگو کے گورنر جوش روساس ایسپورو نے بتایا کہ جہاز کا بایاں پر (Wing) زمین سے ٹکرایا، جس سے اس کے 2 انجنز کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طیارے میں آگ لگنے سے قبل ہی مسافر ایمرجنسی دروازوں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے، حادثے میں جہاز کا پائلٹ سب سے زیادہ زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت بھی اب خطرے سے باہر ہے۔
ایک مسافر جیکلین فلورز نے میڈیا کو بتایا کہ شدید بارش میں ٹیک آف کرتے ہی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
جیکلین فلورز نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کے ہمراہ ایک سوراخ سے چھلانگ لگا کر جان بچائی، کیونکہ جہاز میں دھواں بھرنے کے ساتھ ساتھ اس میں آگ لگنا بھی شروع ہوگئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا پاسپورٹ اور دیگر سامان جل چکا ہے، لیکن وہ خوش قسمت اور خدا کی شکرگزار ہیں کہ وہ محفوظ رہیں۔
دوسری جانب ایرو میکسیکو کمپنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ، ‘ہمیں اس واقعے پر بہت افسوس ہے اور ہم حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔’