میکسیکو سٹی (جیوڈیسک) شمالی امریکی ملک میکسیکو میں دو ہفتے کے دوران دوسرا خوفناک زلزلہ آیا، جس سے ملک کے کئی علاقے ایک بار پھر لرز اٹھے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی “اے پی” کے مطابق امریکی جیو لوجیکل سروے کے مطابق وسطی میکسیکو میں آنے والے زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 123 کلومیٹر جنوب شمال میں واقع قصبے پیوبلا کے قریب تھا۔
نیشنل سول پروٹیکشن کے سربراہ لوئس فیلِپ پیونٹے نے ٹویٹ کیا کہ زلزلے سے اب تک کوئی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ہزاروں افراد اپنے دفاتر سے باہر نکل آئے اور شاہراہوں پر ٹریفک جام ہو گیا۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جبکہ پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔