میکسیکو (جیوڈیسک) لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو میں طوفان کا خطرہ، انتظامیہ نے لوگوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔ طوفان کو “بلانکا” کا نام دیا گیا ہے۔
یو ایس نیشنل ہری کین سنٹر نے وارننگ جاری کی ہے جس کے مطابق “بلانکا ” پیر کو میکسیکو کے شہر لاس کابوس میں تباہی مچائے گا۔ “بلانکا ” سان کارلوس کی ساحلی پٹی سے پیر کی صبح ٹکرائے گا۔
120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے بعد شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے جن کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ ماہرین کے مطابق “بلانکا “کی شدت میں کمی آرہی ہے۔ طوفان میکسیکو کے مشہور سیاحتی مقام سے کچھ ہی دور ہو گا جہاں اب تک کی معلومات کے مطابق 18 ہزار سے زائد سیاح چھٹیاں گزار رہے ہیں۔
لاس کابوس کی انتظامیہ نے شہر کو تاحال خالی کرنے کی ہدایات نہیں دیں مگر شہریوں نے طوفان کے مدنظر اپنی املاک کو لکڑی کے تختوں سے بند کرنا شروع کر دیا ہے ساتھ ہی ساتھ اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی بھی جاری ہے۔
دوسری جانب میکسیکو میں الیکشن کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور میکسیکو کے الیکٹورل انسٹیٹیوٹ کے مطابق الیکشن اور بیلٹ باکسز کو طوفان سے بچانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔