میامی ٹینس میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق مینز ڈبلز ٹائٹل کا دفاع کریں گے

Aisam Ul Haq

Aisam Ul Haq

میامی (جیوڈیسک) میامی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق مینز ڈبلز ٹائٹل کا دفاع کریں گے، انھوں نے گذشتہ برس ڈچ پلیئر جین جولین روجرز کی شراکت میں چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا۔

اس سیزن میں انھوں نے بھارتی پلیئر روہن بوپنا کے ساتھ جوڑی قائم کی ہے، ایونٹ کا گذشتہ شب ویمنز مقابلوںکے ساتھ آغاز ہو گیا،مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن اینڈی مرے کیلیے اس مرتبہ ٹرافی اپنے پاس برقرار رکھنا دشوارہو گا، جس کی وجہ ان کی حالیہ ناقص فارم ہے، انگلش اسٹار کو انڈین ویلز کے چوتھے رائونڈ میں کینیڈا کے میلوس رائونک نے شکست دی تھی، وہ گذشتہ برس ستمبر میں کمر کا آپریشن کرانے کے بعد سے اب تک کسی ایونٹ کے فائنل میں نہیں پہنچ پائے ہیں، اینڈی مرے نے گذشتہ برس میامی اوپن کے فائنل میں اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر کو ٹھکانے لگاکر دوسری مرتبہ سونی اوپن ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، سردست عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن پر فائز اینڈی مرے کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ انڈین ویلز میں رائونک کے ہاتھوں ناکامی سے ان کا اعتماد مجروح ہوگیا، جس کے ساتھ ان کیلیے ورلڈ نمبرون رافیل نڈال اور نووک جوکووک کا سامنا کرنا کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

نڈال گذشتہ برس گھٹنے کی انجری کے سبب اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوئے تھے لیکن اس مرتبہ وہ ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، اسی طرح ورلڈ نمبر2 نووک جوکووک بھی انڈین ویلز ٹائٹل جیت کر فلوریڈا پہنچے ہیں، انھوں نے راجرفیڈرر کو انڈین ویلز کے فائنل میں ٹھکانے لگا کر رواں سیزن میں پہلی ٹرافی اپنے نام کی، ان کا کہنا ہے کہ میں ٹائٹل جیتنے کے بعد زیادہ پراعتماد ہوں اور اپنی جیت کا سلسلہ میامی اور سیزن کے دیگر ایونٹس میں بھی جاری رکھنا چاہوں گا، سوئس ٹینس ماسٹر راجرفیڈرر بھی ایک مرتبہ پھر کھیل میں عروج پانے کے خواہاں ہیں، انھوں نے دبئی اوپن میں اعزاز کا دفاع کرنے کے بعد انڈین ویلز کے فائنل تک رسائی پاکر اپنے ناقدین کو خاموش کرا دیا۔

جوکووک نے بھی فیڈرر کے کھیل کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سردست اپنا بہترین کھیل پیش کررہے ہیں،ان کا بیک ہینڈ ، فورہینڈ شاٹ اور سروس بھی جاندار ہے، میامی ایونٹ میں سرینا ولیمز ویمنز سنگلز ٹائٹل کی دفاعی چیمپئن ہیں، انھوں نے گذشتہ برس فائنل میں ماریا شراپووا کو ٹھکانے لگایا تھا، ویمنز مقابلے منگل کی شب شروع ہوگئے، مینز اور ویمنز میں تمام 32 سیڈنگ پلیئرز اپنے سفر کا آغاز دوسرے رائونڈ سے کریںگے، سرینا 17 گرینڈ سلم اور 6 میامی اوپن ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ رکھتی ہیں،شراپووا انڈین ویلز کے تیسرے رائونڈ میں اٹالین کوالیفائر کمیلا جیورجی کے ہاتھوں شکست کے بعد اس ایونٹ کے ذریعے دوبارہ واپسی کی خواہاں ہوں گی، وہ اگرچہ پانچ مرتبہ میامی کے فائنلز میں پہنچیں لیکن اب تک ٹائٹل جیتنے سے محروم رہی ہیں، آسٹریلین اوپن فاتح لینا بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔