لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے حکومت کی جانب سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کے اس اعلان کے بعد عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملنا چاہئے۔
اگر ٹرانسپورٹرز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم نہیں کرتے اور مہنگائی کا زور بھی نہیں ٹوٹتا تو یہ ساراعمل مذاق بن کر رہ جائے گا۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں بیک وقت پٹرولیم مصنوعات میں اتنی کمی کی مثال نہیں ملتی۔ حکومت کو پٹرول کی مزید قیمت کم کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کمی کے بعد سبزی، دالیں، گوشت اور کرایہ جات وغیرہ کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کیا جائے۔