میاں مظہر حسین کھوکھر ولد خادم حسین کھوکھر سکنہ محلہ بھبھرانہ جھنگ صدر جو کہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی جھنگ حاجی عابد حسین کھوکھر کے بھتیجے بھی ہیں
Posted on September 28, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
جھنگ : سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ جھنگ نے گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران مسلم لیگ (ن) جھنگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری، ممتاز صنعتکار وسابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی میاں مظہر حسین کھوکھر ولد خادم حسین کھوکھر سکنہ محلہ بھبھرانہ جھنگ صدر جو کہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی جھنگ حاجی عابد حسین کھوکھر کے بھتیجے بھی ہیں کے خلاف میٹر ریورس کرکے لاکھوں روپے مالیت کی گیس چوری کرنے پر مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
نیز سابق وفاقی وزیر سیدہ عابدہ حسین کی رہائش گاہ شاہجیونہ ہائوس کے بالمقابل شہابل پولی کلینک گوجرہ روڈ کے نام سے قائم ایک بڑے نجی ہسپتال میں گھریلو میٹر کو کمرشل طور پر استعمال کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے پرہسپتال کے مالک سرجن ڈاکٹر سید مسرت الحسنین شاہ بخاری ولد سید محمد اسحاق شاہ بخاری کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اسی طرح خاکی شاہ روڈ جھنگ صدر کی جمیل سوپ فیکٹری میں بھی لاکھوں روپے کی گیس چوری پکڑلی گئی ہے۔
پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ میں سلمان ملک انچارج سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ سب ایریا آفس جھنگ کی مدعیت میں درج کرائے گئے مقدمہ نمبر 833 زیر دفعہ 462 E ت پ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میاں مظہر حسین کھوکھر کے نام سے نصب گیس کے میٹر کی چیکنگ کے دوران آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میٹر ریڈنگ سے متعلقہ جو تصاویر فراہم کی گئی ہیں ان میں واضح طور پر میٹر ریورس کرنا پایا گیاہے جبکہ ماہ جولائی کی میٹر ریڈنگ 4120000 تھی مگر ماہ اگست کی ریڈنگ 3747000 ریکارڈ کی گئی۔
اس طرح صرف ایک ماہ کے دوران میٹر ریورس کرکے 373000 تک میٹر ریورس کیا گیا اور گیس چوری کے ضمن میں محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا جس پر مذکورہ مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ دوسرے چھاپہ کے دوران شہابل پولی کلینک نزد ریلوے پھاٹک گوجرہ روڈ جھنگ صدر کو سپلائی کی جانیوالی گیس کی چیکنگ کی گئی تو پتہ چلا کہ ہسپتال میں 12 کلو واٹ کا ہیوی جنریٹر، آٹو کلیو مشین اور کئی دیگر آلات گیس پر چلائے جارہے تھے مگر وہاں کمرشل کی بجائے ڈومیسٹک میٹر سے سپلائی لی جارہی تھی جس پر میٹر نمبر 6789831000 کے کنزیومر ڈاکٹر سید مسرت الحسنین شاہ بخاری کے خلاف تھانہ کوتوالی میں مقدمہ نمبر 831زیردفعہ 462 E ت پ درج کر وا دیا گیا۔
تیسرے چھاپہ کے دوران محکمہ سوئی گیس کی ٹیم نے محلہ محمدے والا خاکی شاہ روڈ جھنگ صدر کی جمیل سوپ فیکٹری نامی صابن تیارکرنے والی ایک بڑی فیکٹری پرچھاپہ ماراتو انکشاف ہوا کہ وہاں جمیل سوپ فیکٹری کے مالکان شہزاد جمیل، امتیاز جمیل ولد عبدالجمیل وغیرہ 18 کلو واٹ کا ہیو ی جنریٹر گیس پر چلا رہے تھے اور وہاں کمرشل میٹر کی تنصیب کی بجائے 2 گھریلو گیس میٹرز کی لائن آپس میں ملاکر سپلائی لی جا رہی تھی اس طرح وسیع پیمانے پر گیس چوری کرکے خزانہ سرکاری کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا جس پر تھانہ کوتوالی جھنگ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 830 زیر دفعہ 462E ت پ درج کر لیا ہے تاہم کسی بااثر ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔