میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھر پور انداز میں مسلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف پیش کیا ہے، پرجیس طاہر
Posted on September 30, 2013 By Tahir Webmaster لاہور
لاہور : وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری پرجیس طاہر نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھر پور انداز میں مسلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف پیش کیا ہے اور بھارت کو سنجیدگی کے ساتھ اس مسلہ پر مذاکرات کی دعوت دی ہے ۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کو یہ بھی یاد دلایا ہے کہ وہ سات دھائیوں سے حل طلب مسلہ پر اپنی ہی قرار داوں پر عملدار آمد نہیں کرواسکی۔ اور کشمیری آج بھی استصواب رائے کے حق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وہ آج شاہکوٹ کے علاقہ پنڈت والا میں پختہ سڑکوں کے افتتاح کے موقع پر عوام کے اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قائداعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے کشمیر میں پیدا ہونے والا ہر بچہ پاکستان کا نام لیتا ہے اور یہی بچہ شہادت کے وقت پاکستان کا نعرہ لگاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے کیے ہوئے وعدے پورے کرنے چاہییں اور کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس ملک میں ذرائع مواصلات کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی نہیں دی جاتی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ملک میں ذرائع مواصلات کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔ وزیراعظم میا ں محمد نوازشریف ملک میں مزید موٹرویز اور ہائی ویز بنانے کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں جن میں چین کے شہر کا شغر سے لے کر پاکستان کے ساحلی شہر گوادر تک موٹر ویز کی تعمیر اور ریلوے لائن کی تعمیر شامل ہے۔ جب کہ لاہور سے کراچی تک ایک اور موٹروے کا بھی اعلان ہوچکاہے انہوں نے کہا کہ لاہور کی طرح دیگر بڑے شہروں میں بھی میٹرو بس سسٹم چلانے کی منصوبہ بندی ہوچکی ہے جو کہ مواصلات کے شعبہ میں عوام کے لیے سفر کی ایک جدید ترین سہولت ہوگی۔
صفدرآباد میں اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے مذید کہا کہ صفدرآباد کے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پہلے ہی سات کروڑ روپے کی گرانٹ جاری ہو چکی ہے اور ایک سال کے اندر کالج کی عمارت تعمیر کر دی جائے گی۔ شاہکوٹ کے قریب پنڈت والا میں پختہ سڑک کے افتتاح کے موقع پر عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت کا جو موقع دیا ہے ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے اور عوام کو درپیش مسائل جن میں توانائی کا بحران سرفہرست ہے کہ حل کے لیے بھر پور کوشیش جاری رہیں گی۔