سوات (جیوڈیسک) عمران خان نے بڑی تعداد میں لوگوں کے جلسہ گاہ آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پھر کہا کہ اسلامی احکامات کی روشنی میں تعلیم دینا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے لیکن نواز شریف حکومت کا بنیادی فوکس موٹر ویز بنانے پر ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم کو معلوم ہی نہیں کہ کسی ریاست کی بنیادی ذمہ داری کیا ہوتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب کو ہیلی کاپٹر سے اس لئے نیا پختونخوا نظر نہیں آیا کیونکہ ہم نیا پختونخوا سکولوں میں بنا رہے ہیں، سڑکوں پر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب نے نہ کبھی پہلے باری پوری کی ہے اور نہ ہی اس بار پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا حکومت کا بنیادی فوکس سکولوں اور ہسپتالوں پر ہے۔ ہم نے صوبے میں صحت اور تعلیم کا نظام بدل دیا ہے، ہمیں دیر اس لئے لگی کیونکہ ہم اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کیلئے نئے قوانین لا رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ اس سال کے آخر تک صوبے کے ہسپتالوں کے حالات بہتر ہو چکے ہونگے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم صوبے میں شجر کاری کرکے اپنے علاقے کو گلوبل وارمنگ کے اثرات سے بچائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام کی ترقی کے لئے ادارے مضبوط کرنا ناگزیر ہوتا ہے اور ہم نے اپنے صوبے کے اداروں کو بہتر کر دیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس پورے ملک کی پولیس سے بہتر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانوں پر پیسے خرچ کرکے، اداروں کو مضبوط بنا کے اور بہتر بلدیاتی نظام کو نافذ کرکے صوبے کے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں اور صوبے میں حقیقی جمہوریت لا رہے ہیں۔