لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹر عمر اکمل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں، غلیظ زبان استعمال کی اور سینئر کھلاڑیوں کے سامنے مجھے برا بھلا کہا لیکن چیف سلیکٹر انغمام الحق سمیت کسی نے انھیں نہیں روکا۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ مجھے مکی آرتھر نے کہا کہ تم اکیڈمی میں کیوں آئے؟ یہاں سے چلے جاؤ اور جا کر کلب کرکٹ کھیلو۔
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کوچنگ سٹاف ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ اس طرح گالیاں نہیں دینی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ بورڈ کیخلاف بات نہیں کر رہا بلکہ کوچنگ سٹاف جو کچھ کر رہا ہے وہ بتانا چاہتا ہوں۔ میری چیئرمین کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی سے درخواست ہے کہ وہ گالیوں کا نوٹس لیں۔
دوسری جانب عمر اکمل کے الزامات پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے جس میں انہوں نے گالیاں دینے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمر اکمل کو گالی کوئی نہیں دی، قومی کھلاڑی نے گرانٹ فلاور سے مدد مانگی تو میں نے عمر سے کہا کہ پہلے کلب کرکٹ کھیلو، بعد میں اکیڈمی آؤ۔