ابوظہبی (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سویپ کامیابی کی آرزو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستانی کھلاڑیوں کو بے رحم کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کر دی، ان کا سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل کہنا تھا کہ کھلاڑی سنگدلانہ رویہ اپنا تے ہوئے عالمی چیمپئن کیخلاف سیریز تین صفر سے جیتنے کی کوشش کریں ، کسی شک کے بغیر سیریز کی فتح درست سمت اور نئی ٹیم کی تعمیر کی جانب پہلا قدم ہے اور اس کیلئے چند حقیقت پسندانہ مقاصد کا تعین کر لیا ۔ پاورپلے میں قومی بیٹسمینوں کی اپروچ سے مطمئن ہوں، انگلینڈ کیخلاف سیریز میں جن چیزوں کی نشاندہی ہوئی ان میں بہتری نظر آنے لگی البتہ ڈاٹ بالز کی اوسط میں سنگل ، ڈبل سے کمی لائی جائے۔
گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی کامیابی درست سمت اور نئی ٹیم کی تعمیر کی جانب پہلا قدم ہے کیونکہ یہی ٹیم پانچ ماہ قبل بھارت میں ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے خارج ہو گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی شک کے بغیر حالیہ کامیابیاں درست سمت کا تعین کر رہی ہیں لہٰذا ان کی خواہش ہے کہ سنگدلانہ رویہ اپناتے ہوئے اس سیریز میں تین صفر سے کامیابی یقینی بنائی جائے ، کیونکہ پاکستانی ٹیم تین میچوں کی سیریز میں اس سے پہلے کبھی دو میچز نہیں جیت سکی ۔ قومی ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ انگلینڈ کیخلاف ایک،چار سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم نے اپنے اہداف حاصل کرنا شروع کر دیئے ہیں جو دورے میں اپنا آخری ٹی ٹونٹی میچ بھی جیت گئی تھی۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ حقیقت پسندانہ مقاصد کا تعین کرلیا ہے جس میں سے اولین ترجیح اس جارحانہ برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے جو منزل تک پہنچانے میں معاونت کرے اور اس کیلئے نئے راستے تلاش کرتے ہوئے ایسے کھلاڑیوں پر نگاہ ہے جو اس فرض کو بخوبی نبھا سکیں ۔ مکی آرتھر پاور پلے سمیت پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اپروچ سے مطمئن ہیں جن کا کہنا ہے کہ تمام شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔