مائیکروسافٹ کا نوجوانوں کی ترقی کیلیے 2.95 لاکھ ڈالر کا عطیہ

Microsoft

Microsoft

کراچی (جیوڈیسک) مائیکروسافٹ پاکستان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مقامی این جی او کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے لیے 2لاکھ 95ہزار ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

مائیکروسافٹ پاکستان نے اپنے کارپوریٹ سٹیزن شپ پروگرام کے تحت مقامی این جی اوامن فائونڈیشن کوجدید ٹیکنالوجی تک رسائی کیلیے 2لاکھ 95 ہزار امریکی ڈالرکاعطیہ دینے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو با اختیار بنانا اورمعاشرے کی خدمت ہے۔

امن فائونڈیشن ایک مقامی غیرمنافع بخش تنظیم نوجوانوں کی فلاح وبہبود، صحت، تعلیم، نیوٹریشن اورسماجی خدمات کی بہترسہولتیں فراہم کرنے کیلیے کام کررہی ہے۔ مائیکروسافٹ کارپوریٹ سٹیزن شپ پروگرام مقامی کمیونیٹیزکو درکار ٹیکنالوجی تک سستی رسائی میں مدد کے ذریعے غیرمنافع بخش تنظیموں کوسپورٹ فراہم کرنے کیلیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ کی گرانٹ امن فائونڈیشن کی جانب سے انسانی بہبودکے مقصد کیلیے عملی کام کے حوالے سے شروع کیے گئے پروگراموں کوسپورٹ کریگی۔ یہ فائونڈیشن کواپنے نیوٹریشن، تعلیم اورہیلتھ کیئرپروگراموں بشمول ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز، ایمرجنسی میڈیکل رسپانس(امن ایمبولینس) ،کمیونٹی ہیلتھ ڈیولپمنٹ اورچائلڈ ہاسپٹلزکوٹیکنالوجی کے حوالے سے اپ ڈیٹ کرنے میں معاونت کریگی۔ مائیکروسافٹ پاکستان کے کنٹری منیجرعامررائو نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائیکروسافٹ کو ہرسال دنیا بھرمیں ٹیکنالوجی تک سستی اورآسان رسائی کیلیے 50 ہزارسے زیادہ غیرمنافع بخش تنظیموں کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ایک صحت مند اور فعال معاشرے کی تعمیرہمارے سب بڑے مقاصد ہیں۔ ہم نے گزشتہ سال غیرمنافع بخش تنظیموں کو سپورٹ کرنے کیلیے پاکستان میں ایک ملین ڈالرخرچ کیے اورامن فائونڈیشن کواس گرانٹ کی فراہمی ایک مضبوط، بااختیاراور خودانحصار معاشرے کی تعمیرکی جانب ایک اورقدم ہے۔ مائیکروسافٹ ڈونیشن پروگرام کے ذریعے معیار پر پورا اترنے والے تنظیموں کی سوشل خدمات میں اضافہ اورخودمختارمعاشرے کی تعمیرکیلیے ٹھوس پلیٹ فارم تعمیر کرتی ہے۔

امن فائونڈیشن کے سی ای اواحسن جمیل نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مائیکرو سافٹ کا کارپوریٹ سٹیزن شپ پروگرام ایک مثبت اور عملی قدم ہے اور اس طرح یہ ٹیکنالوجی میں جدت ہمیں ایک قدم آگے لے جاتا ہے۔ یہ عطیہ ہمیں اپنے تکنیکی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے بہتر خدمات فراہم کرنے کا موقع دیتا ہے۔ امن فائونڈیشن اور مائیکرو سافٹ کی پارٹنر شپ ایک لمبے عرصے کیلیے ہے اور ہم ایک دوسرے کی مدد سے معاشرے پر ایک اچھا تاثر قائم کریں گے۔