عمان (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے اعلان کے بعد خلیجی ریاس سلطنت عُمان نے بھی پہلی بار کھل کر اسرائیلی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
عُمان کی وزیر برائے امور خارجہ یوسف بن علوی بن عبد اللہ نے اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکنازی سے ایک فون پربات چیت کی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان یہ پہلی بار براہ راست اور عوامی رابطہ کاری پر بات ہوئی ہے۔
عُمانی وزارت خارجہ نے ‘ٹویٹر’ پر ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ فون پر بات کرتے ہوئے یوسف بن علوی نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے خطے میں تازہ ترین پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
بن علوی نے کہا کہ ان کا ملک مشرق وسطی میں جامع ، منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کے لیے ہرممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن عمل دوبارہ شروع کرنے اور مشرقی یروشلم کے ساتھ پر مشتمل آزاد فلسطنی ریاست کےقیام اور فلسطینی عوام کے جائز مطالبات کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری عرب برادری فلسطینی قوم کے جائز مطالبات میں فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔
ادھر فلسطین کی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل جبریل رجوب نے بھی عُمان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
ایک اور ٹویٹ میں عمانی وزارت خارجہ نے کہا جبریل رجوب نے سلطنت کے کردار اور عرب امور کے بارے میں اس کی متوازن اور عقلمندانہ پالیسی کی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلطنت عُمان فلسطینی قوم کے حقوق کو نظرانداز نہیں کرے گا۔
مسقط نے گذشتہ جمعہ کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے متعلق متحدہ عرب امارات کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔