اسلام آباد (جیوڈیسک) یمن کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی کے حوالہ سے وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا
جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئر چیف مارشل سہیل امان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر قومی سلامتی امور سرتاج عزیز اور بحریہ کے قائم مقام سربراہ وائس ایڈمرل خان ہاشم نے شرکت کی۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی حدود کے تحفظ کے عزم کو دہرایا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی خواہشات کے تناظر میں پاکستان مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں معنی خیز کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم اسلامی دنیا کے رہنماوٴں سے رابطہ کریں گے۔ ان رابطوں کا مقصد مشرق وسطیٰ میں امن، اتحاد کا فروغ اور کشیدگی کا خاتمہ ہے۔ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری موجودہ کشیدہ صورتحال کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے قبل وزیراعظم محمد نواز شریف سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ملاقات کی جس میں خواجہ آصف اور اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں یمن کی صورتحال اور دورہ سعودی عرب کے حوالہ سے تبادلہ خیالات کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف اور سرتاج عزیر سمیت پاکستانی وفد کل سعودی عرب جائے گا۔ وفد میں سینئر عسکری حکام بھی شامل ہوں گے۔