اسلام آباد (جیوڈیسک) سفیر رچرڈ اولسن نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں پاکستان میں افغان مہاجرین اور مقامی میزبان گھرانوں کے لیے نواسی لاکھ ڈالر مالیت کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
یہ رقم افغان پناہ گزینوں اور میزبان علاقوں میں جاری بحالی کے کاموں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین اور حکومت پاکستان کے مشترکہ پروگرام پر خرچ کی جائے گی۔
ادھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کی ترجمان نے امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان اب بھی دنیا میں مہاجرین کو پناہ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ سوویت افغان جنگ کے بعد پاکستان نے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو اپنا مہمان بنایا۔
جن کا سب سے بڑا میزبان خیبر پختونخوا تھا۔ خیبر پختونخوا کے مختلف کیمپوں کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں لاکھوں افغان مہاجرین آباد ہیں۔ پاکستان میں اس وقت 17 لاکھ رجسٹرڈ اور 10 لاکھ غیررجسٹرڈافغان مہاجرین موجود ہیں۔ 80 فیصد خیبر پختونخوا، 13 فیصد بلوچستان، 3 فیصد سندھ جبکہ 4 فیصد پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں۔