نقل مکانی کرنیوالے خاندانوں میں راشن کی تقسیم آج سے شروع ہو گی

North Waziristan

North Waziristan

اسلام آباد (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے 40 ہزار خاندانوں میں راشن کی تقسیم آج سے شروع ہوگی، وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو عزت و احترام کے ساتھ ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق اب تک شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے 4 لاکھ 54 ہزار 207 افراد کی سیدگئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن کی گئی ہے۔

آئی ڈی پیز میں راشن کی تقسیم کے لیے بنوں میں 3، ڈی آئی خان میں 2 جبکہ ٹانک میں ایک پوائنٹ قائم کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 40 ہزار خاندانوں میں 4 ہزار 473 ٹن راشن کی تقسیم کا کام آج سے شروع ہوگا، ہر خاندان کو تعداد کے مطابق 20 سے 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل فراہم کیا جائے گا، عطیات کی وصولی کے لیے ملک کے بڑے شہروں میں فوج نے 32 ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔ادھر وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت آئی ڈی پیز کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔

جس میں وفاقی وزیر سیفران اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے آئی ڈی پیز کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی، مشکل کی اس گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ ہے ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن امداد اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی ملٹری آپریشنز نے وزیر اعظم کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔