جلسے کی اجازت نہ ملنے پر جے یو پی (نورانی ) کا دھرنا جاری

JUP Sit

JUP Sit

حیدرآباد (جیوڈیسک) جشن عید میلاد النبی ؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر جلسے کی اجازت نہ ملنے پر جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کا اسٹیشن روڈ پر دھرنا جاری ہے، جے یو پی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری قاری عبدالرشید اعوان، ڈاکٹر محمد یونس دانش اور دیگر رہنماؤں نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر غلط اجازت نامے منسوخ کرکے جے یو پی نورانی اوراس کے مذہبی ونگ مرکزی جماعت اہلسنت کو جلوس اور جلسے کی اجازت دے

انہوں نے کہا کہ جے یو پی کے کارکن میدان میں نکل آئے ہیں، اجازت نہ ملی تو شہر کو جام کردیں گے، ہر قیمت پر میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چوک پر جلسہ کیا جائے گا، اگر حکومت نے اجازت نہیں دی تو 12 ربیع الاول کو بھی شہر بھر میں دھرنے دیے جائیں گے، ہر قیمت پر میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چوک پر قائد جمعیت ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا خطاب ہوگا

حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں اگر اب بھی سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ہمارے احتجاج پر توجہ نہ دی تو حالات کی تمام تر ذمے داری حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی، انہوں نے کہا کہ ضلع کی نااہل انتظامیہ نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دن کو خون خرابے کی نذر کرنے کے لئے اجازت نامے کا فتنہ کھڑا کردیا ہے۔