محفل میلاد پر خودکش حملہ اسلام دشمن کارروائی ہے: صوفی مسعود احمد صدیقی

Lahore

Lahore

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی نے راولپنڈی کی امام بارگاہ میں جاری محفل میلاد النبی پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفل میلاد پر حملہ اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائی ہے اللہ رب العزت کے پیارے حبیب کی آمد پر محفل میلاد پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے متحد ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں فوجی عدالتوں کا قیام خوش آئند اقدام ہے وطن عزیز پاکستان سے دہشت گردی کی جڑ کو اکھاڑ پھینکنے سے ہی ملک وقوم کا مستقبل محفوظ کیا جاسکتا ہے مرکزی سیکرٹریٹ پر ملکی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پاکستان کو امن کا حقیقی گہوارہ بنانے کیلئے افواج پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر احسان الحق معصومی نے کہاکہ قوم کو افواج پاکستان کی قربانیوں پر فخر ہے سابقہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور بزدلی کی وجہ سے دہشت گردی کا سرطان پورے ملک پھیل گیا اگر یہی محبت وطن اور مثبت اقدامات ماضی میں کئے جاتے تو آج ملکی صورتحال کچھ اور ہوتی۔

پیر رانا لیاقت حسین نے کہاکہ ملک دشمن عناصر اور انتہا پسندوں کا دین اسلام اور پاکستان سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ ہے اجلاس سے دیگر مرکزی عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور افواج پاکستان کے اقدامات کو سراہا اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور آپریشن ضرب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔