عظیم الشان جلوس میلاد میں ہزاروں کی شرکت، قیادت حضرت پیر محمد افضل قادری اور مفتی پیر عثمان قادری نے کی۔

گجرات/ اسلام آباد/ لاہور: جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بہت بڑا عظیم الشان جلوس نیک آباد گجرات سے مرکزی امیرعالمی تنظیم اہلسنّت پیر محمد افضل قادری اور مفتی پیر عثمان قادری کی زیرقیادت نکالا گیا۔ جلوس میں علماء ومشائخ سمیت ہزارہا غلامان رسول نے شرکت کی۔ بائی پاس روڈ، شاہین چوک، سرگودھا روڈ اور جی ٹی روڈ کے تاجروں اور اہلیان گجرات نے تاحد نگاہ پھیلے ہوئے اس جلوس میلاد کا تاریخ ساز استقبال کیا اور منوں پھول پتیاں نچھاور کیں۔ جبکہ راستے مین جگہ جگہ شرکاء کیلئے مٹھائیوں اور کھانوں کا اہتمام کیا گیا۔ عالمی تنظیم اہلسنّت کے مرکزی امیر نے خطاب کرتے ہوئے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقاصد پر تفصیل کیساتھ روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اسلام کی حقانیت پر روشن دلیل قرار دیا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روشن دلیل ہونے کی شانوں میں ایک شان یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کسی انسان سے نہ پڑھنے کے باوجود قیامت تک آنے والی انسانی نسلوں کو ایک فلاح دارین کا ضامن، ایک کامل نظام حیات عطا فرمایاہے کہ دنیا بھر کی ترقی یافتہ اقوام کے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ اجتماعی کوششوں کے باوجود اسلام کے ہمہ گیر اور آفاقی نظام کے عشر عشیر کے برابر کوئی نظام زندگی پیش نہیں کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہا اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سراپا معجزہ بنا دیا ہے آپ کے بول مبارک سے بھی خوشبو آتی ہے ۔آپ کے پسینہ مبارک اور خون سے خوشبو آتی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لعاب میں بھی شفاء تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کلام کرتے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دانتوں سے نور نکلتا اور دیواروں سے ٹکراتا اور جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسکراتے تو لوگوں کو آپ کے چہرہ انور سے اپنی صورتیں نظر آتیں تھیں اور آپ کے موئے مبارک سے صحابہ کبار نے شفاء اور برکتیں حاصل کیں ۔ پیر صاحب نے کہا کہ آج یوم النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مسلمان عہد کریں وہ غلامی رسول اختیار کرینگے نماز پابندی کیساتھ پڑھیں گے، سچائی اور امانت ودیانت اختیار کرینگے اور اپنی بیٹیوں اور خواتین خانہ کو اہل بیت نبوی کی سنت کیمطابق ”پردہ وحجاب ” کا حکم دیں گے۔

آخر میں حضرت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کے مطابق غلبہ دین کیلئے مؤمنانہ کردار ادا کریں اور پاکستان میں کفر والحاد ولادینیت کی یلغار روکنے اور پاکستان کو نظام مصطفی کا گہوارہ بنانے اور فلاح قوم وفلاح دارین کیلئے کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ملک وملت کی فلاح کیلئے اجتماعی دعا کروائی گئی۔