اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں صرف دہشت گردی کے کیسوں سے نمٹنے کے لیے قائم کی جائیں گی اور ان کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نےکہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بچوں کی جانوں کا ضیاع پاکستان کے مستقبل کے لیے بڑا نقصان ہے،قوم مشترکہ کوششوں سے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا دے گی۔ انہوں نےکہا کہ کئی ممالک میں سزائے موت پر پابندی عائد نہیں اور پاکستان میں صرف دہشت گردی سے متعلق مقدمات میں سزائیں دی جارہی ہیں جب کہ حکومت انسانی حقوق کے احترام کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرے گی۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالتیں دہشت گردوں سے نمٹنے اور ان کے کیس چلانے کے لئے قائم کی جائیں گے اور ہم ان کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے، مجرموں کو ثبوت کی بنیاد پر دفاع کا موقع دیا جائے گا جب کہ ماورائے عدالت سزائے موت کے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔