فوجی فائونڈیشن ہسپتال دندہ شاہ بلاول کو بند کرنا شہیدوں و غازیوں کی سر زمین تلہ گنگ کے ساتھ زیادتی ہے، ملک اسد علی خان ڈھیر مونڈ

تلہ گنگ : مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک اسد علی خان ڈھیر مونڈ نے کہا ہے کہ فوجی فائونڈیشن ہسپتال دندہ شاہ بلاول کو بند کرنا شہیدوں و غازیوں کی سر زمین تلہ گنگ کے ساتھ زیادتی ہے ، فوج کے اعلیٰ حکام تحصیل تلہ گنگ کی عوام کے ساتھ ظلم نہ کریں ، فوجی فائونڈیشن دندہ شاہ بلاول کے علاوہ پورے حلقے میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں جہاں علاج کی بہترین سہولیات میسر ہوں ،ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو راولپنڈی جانا پڑے گا۔

چیف ایڈیٹر تلہ گنگ اپ ڈیٹس ممتاز حیدر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک اسد علی خان ڈھیر مونڈ نے کہا کہ تحصیل تلہ گنگ میں فوجی فائونڈیشن ہسپتال واحد ایسا ادارہ تھا جہاں سے عوام کو سہولیات میسر تھیں مگر اسے بند کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ تحصیل تلہ گنگ کے تمام دیہاتوں میں کوئی ایک بھی ایسا گھرانہ نہیں ہو جہاں کے ایک یا دو فرد فوج میں ملازم نہ ہوں۔

تحصیل تلہ گنگ کے ہر قبرستان میں تلہ گنگ کے رہائشی فوج کے شہید نوجوانوں کی قبریں ہیں تلہ گنگ کے لوگوں نے ملک کے لئے قربانیاں دیں پاک فوج کے حکام تلہ گنگ کے غیور عوام کی قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے فوجی فائونڈیشن ہسپتال دندہ شاہ بلاول کو بند کرنے کا نوڑ فکیشن واپس لیں اور یہاں کے عوام کو ریلیف دیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں رابطہ مہم شروع کر دی ہے اور تلہ گنگ کے آرمی سے ریٹائرڈ افسران سے ملاقاتیں کی ہیں جبکہ وفود کی صورت میں پاک فوج کے حکام سے بھی ملاقات کی جائے گی اور ان سے درخواست کی جائے گی کہ تلہ گنگ کی عوام پر رحم کریں۔