لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ شریف برادران باہر چلے گئے اور ہمیں جیلوں میں سڑنے کیلئے چھوڑ دیا۔ پرویز مشرف کو دس سال کیلئے مسلط کرنے کے حالات پیدا کیے گئے۔
ملتان میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کو عوام کے سامنے متنازعہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت اسلام آباد نہیں چلا سکتی تو ماڈل ٹائون ہی چلا لے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ حکومت کے خلاف لڑیں گے۔ فوج کے خلاف نہیں۔ دریں اثنا اے این این سے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ سے پہلے ہی حکمرانوں کی سانسیں پھولنا شروع ہو گئی ہیں۔
14 اگست کے آزادی مارچ میں پی ٹی آئی کے کارکن تمام رکاوٹوں کے باوجود اسلام آباد پہنچیں گے، ملک میں آزادی مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا، دھاندلی کی پیداوارحکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی۔ ضلعی تنظیمیں اپنے اپنے ضلعوں میں آزادی مارچ کی تیاریاں تیز کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنے اثاثوں میں اضافہ کر رہے ہیں ملک وقوم کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، آزادی مارچ حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لئے ہے جس میں لاکھوں پاکستانی عوام شرکت کریں گے۔