اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے حکومت پر فوجی قبضے یا بغاوت کا امکان مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کسی مارچ سے خوفزدہ نہیں، اللہ تعالیٰ نے چاہا تو انشاء اللہ حکومت پانچ سال پورے کریگی۔
عمران خان اور طاہر القادری اناپرست اور اقتدار کے پجاری ہیں، دونوں ہر روز مطالبات بدلتے رہتے ہیں، طاہر القادری خود قانون کو اپنی طرف بلا رہے ہیں، گرفتار کرنے کی نوبت آئی تو ضروری کیا جائیگا، پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے، فیصلہ عدالت ہی کریگی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کچھ مذہبی لیڈروں میں منافقت بدقسمتی ہے۔ انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت اور فوج میں تعلقات انتہائی بہتر ہیں اور وہ کسی قسم کی فوجی مداخلت یا بغاوت کا امکان نہیں دیکھ رہے۔