ملٹری آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، سید منورحسن
Posted on March 28, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملٹری آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، امن مذاکرات کی کامیابی ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ ا ب تک حکومت اور طالبان دونوں نے سمجھداری کا مظاہرہ کرکے تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے، پوری قوم امن کی خاطر مذاکرات کیلئے دعاگو ہے۔ امن مذاکرات کی مخالف اور فوجی آپریشن کا مطالبہ کرنے والے فوج، ملک اور قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، اب تک ہونے والے فوجی آپریشنز کے نتائج پوری قوم کے سامنے ہیں۔
پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں آج آپریشن کا مطالبہ کررہی ہیں لیکن اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں وہ کیوں خاموش رہیں ، انہو ں نے خود آپریشن کیوں نہیں کیا؟یہی حال ایم کیو ایم کا بھی ہے جب تک اقتدار میں تھی تو مزے کئے اور آج اقتدار میں نہیں تو کراچی میں امن کیلئے آپریشن کا مطالبہ کردیا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام سکھر میں منعقدہ دوروزہ تربیت گاہ برائے ارکان کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیت گاہ سے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری نظام الدین میمن،صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،اسداللہ بھٹو، ممتاز سہتو، حافظ نصراللہ عزیزودیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔تربیت گاہ میں سکھر، گھوٹکی،خیرپور اور نوشہروفیروز کے ارکان نے شرکت کی۔
سید منورحسن نے کہا کہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکیں بندوق کے زور پر یا کوئی زیر زمین تحریکیں نہیں بلکہ یہ پرامن آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں کیونکہ اسلامی تحریکوں کی دعوت اور مرکزو محوراللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور قرآن وسنت کا نفاذ ہے۔اس وقت تمام اسلامی تحریکیں بڑی آزمائشوں سے دوچار ہیں مگر انہیں اللہ نے صبر واستقامت ، جرأت وبہادری کے ساتھ مقابلہ کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔ دینی شعور کے بغیر تحریک آگے نہیں بڑھ سکتی اسلئے اسلامی معاشروں میں دینی شعور کو بیدار کرنا اور لوگوں کو دین کی سربلندری کیلئے ساتھ جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سے لیکر دعوتی کام کو ووٹ کی صورت میں تبدیل کرنا وقت اور حالات کا تقاضہ ہے، ارکان جماعت مؤثر ربط عوام کے ذریعے ہی لوگوں کو ا س طرف مائل کرسکتے ہیں، کیونکہ دیندار لوگوں کی بجائے کرپٹ اور نااہل قیادت کو منتخب کیاجائے گا تو بے حیائی،بدامنی،بیروزگاری میں اضافہ ہوگا اور دین بے زار رویہ فروغ پائے گا۔دین کے غلبے اور عدل وانصاف اور نیکی کے فروغ کیلئے دیانتدار لوگوں کو ووٹ دیکر اقتدار تک پہنچانا ناگزیر ہے۔یہ بات لوگوں کو ذہن نشین کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت پوری انسانیت کو جہنم سے بچانے اور کامیابی کی طرف گامزن کرنے کا پیغام ہے۔جماعت اسلامی کی دعوت ،محبت واخوت اور دلوں سے جوڑنے والی دعوت ہے۔دلوں کو فتح اور ان تک پیغام ہمیشہ محبتوں کے ذریعے ہی پہنچ سکتا ہے۔
آج عالم اسلام مشکل صورتحال سے دوچار ہے مگر اس کے باوجود اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلامی تحریکوں کے قائدین نے جرا ٔتمندانہ اقدامات اور ثابت قدمی سے سامراجی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لانے کیلئے مصطفویۖ نظام کو نافذ کرنا ہوگا۔سندھ باب الاسلام تھا اور انشااللہ ہمیشہ رہے گا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com