فوجی آپریشن کے نتائج کیلئے تیار ہیں، قبائلی عوام کا زیادہ نقصان ہو گا، شاہد اللہ شاہد

Shahidullah Shahid

Shahidullah Shahid

بنوں (جیوڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے الطاف حسین کو ہر صبح طالبان کے خلاف ایک نیا اقدام یاد آتا ہے، فوجی آپریشن کے نتائج کیلئے تیار ہیں، کارروائی میں طالبان کا نقصان کم اور قبائلی عوام کا زیادہ ہو گا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کو ہر صبح طالبان کے خلاف ایک نیا اقدام یاد آتا ہے جب تک الطاف حسین جیسے سیاستدانوں کے مشوروں پرعمل ہوگا، جنگ بڑھے گی۔

شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ آپریشن ہمیشہ مغرب کی آشیرباد پر کیا گیا۔ حکومت اعدادوشمار اکٹھے کرنے کا شوق پورا کر لے، سخت ترین اقدامات کے باوجود ہماری کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے امریکا کا ساتھ دینے پر طالبان ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوئے۔ اصل مسئلہ قیام پاکستان کے وقت سے مسلط کیا گیا نظام ہے۔

ترجمان کالعدم تحریک طالبان کا کہنا تھا آپریشن میں طالبان کا نقصان کم اور قبائلی عوام کا زیادہ ہو گا۔ پاکستان بدامنی میں عراق اور افغانستان سے بھی بازی لے گیا ہے۔