فوج کی نگرانی میں فوری و شفاف مردم شماری کرائی جائے، امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمہوریت کے نام پر استحصالی نظام سیاست اور خاندانی وموروثی حق اقتدار کو بچانے کیلئے متحد ہونے والوں نے اپنے کسی بھی دور اقتدار میںنہ تو جمہوریت کو پنپنے دیا ہے اور نہ ہی کبھی تکمیل و استحکام جمہوریت کیلئے بلدیاتی انتخابات و مقامی خود مختاری کی جانب سنجیدہ توجہ دیکر وطن عزیز کو ترقی و استحکام کی جانب گامزن کیا ہے نہ عوام کو اختیار و اقتدار میں شریک بنایا ہے اور نہ ہی انہیں بنیادی سہولیات کی ان کے گھر کی دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ انہیں احتساب کا حق اختیار دیا ہے۔

جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوریت کی دعویدار ان سیاسی جماعتوں کا نہ تو مزاج جمہوری ہے نہ کردار اور نہ ہی اعمال۔ تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے قائد و چیئرمین امیر پٹی ملک بھر میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں فوج کی نگرانی میں شفاف مردم شماری کرائی جائے اور آبادی کے تناسب سے نئے سرے سے بلدیاتی حلقے تشکیل دیئے جائیں جبکہ یہی اصول قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی ازسر نو تشکیل کیلئے بھی وضع کیا جائے کیونکہ رقبے کی بنیاد پر حلقوں کی تشکیل عوام کے ساتھ بد ترین ظلم و استحصال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار پر عرصہ سے قابض دوبڑی سیاسی جماعتوں کا جمہوری کردار بلدیاتی انتخابات سے فرار سے عبارت رہا ہے کیونکہ بلدیاتی نظام جمہوریت کے نام پر قائم ان کی آمریت کیلئے خطرہ ہے اسلئے یہ ہمیشہ بلدیاتی نظام کو سبوتاژ کرنے میں مصروف رہے ہیں جس کی وجہ سے آج تھر موت کی وادی میں تبدیل ہوچکا ہے اور ملک بھر کے عوام مسائل کا شکار ہیں لوڈ شیڈنگ نے زندگی عذاب بنادی ہے اور سردیوں میں گیس کی بندش کی بھی نوید سنائی جارہی ہے۔

جبکہ غربت نے ماؤں کو لخت جگر فروخت کرنے اور بیروزگاروں کو خود کشی کرنے یا جرائم کی راہ اپنانے پر مجبور کردیا ہے ۔قانون کا احترام مفقد ہوچکا ہے اور زنا بالجبر کے ساتھ جسم فروشی بھی عام ہوچکی ہے جس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو عوام کو غلام بنائے رکھنا چاہتے ہیں اور عوام اب ان تمام چہروں کو پہچان چکے ہیں۔