فوجی ٹریننگ سے سست کرکٹرز کو چست بنانے کی تیاری

TEAM PAKISTAN

TEAM PAKISTAN

لاہور (جیوڈیسک) فوجی ٹریننگ سے سست کرکٹرز کو چست بنانے کی تیاری کر لی گئی، انگلینڈ سے پنجہ آزمائی کے لیے لہو گرمانے کا سلسلہ ہفتے سے شروع ہو گا، دورے کے لیے منتخب کرکٹرز اسلام آباد میں رپورٹ کے بعد رات گئے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول پہنچ گئے، مشکل مہم کی تیاری کیلیے صبح 6 بجے فوجی ٹریننگ کا سلسلہ شروع ہوجائے گا،

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دورہ انگلینڈ کیلیے 35 ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا تھا، ان میں اوپنرز محمد حفیظ، سمیع اسلم، افتخار احمد، اظہر علی، شرجیل خان، خرم منظور اور شان مسعود ، مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، شعیب ملک، بابر اعظم، حارث سہیل، خالد لطیف، فواد عالم، اکبرالرحمان اور آصف ذاکر جب کہ آل راؤنڈرز انور علی اور بلاول بھٹی کے نام شامل ہیں، وکٹ کیپرز سرفراز احمد، محمد رضوان اور عدنان اکمل، فاسٹ بولرز محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنید خان اور حسن علی، اسپنرز یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، محمد اصغر، عماد وسیم، بلال آصف اور زوہیب خان کو بھی منتخب کیا گیا ہے، انجرڈ محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم اور راحت علی کی شمولیت فٹنس سے مشروط کی گئی تھی، راحت فٹ ہونے کے بعد دستیاب ہیں جبکہ ذوالفقار بابر اور دیگر 3 انجرڈ کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی پروگرام میں شرکت کرینگے۔

ان کو مکمل صحتیابی کے بعد ہی ایبٹ آباد بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا، مشکل مہم کی تیاری کیلیے بیشتر کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل اکیڈمی میں 8سے 12مئی تک مکمل کیے جا چکے ہیں، ان میں زیادہ حوصلہ افزا نتائج سامنے نہیں آئے تھے، مسائل پر پاکستان ملٹری کاکول اکیڈمی میں سخت فوجی ٹریننگ کے ذریعے قابو پانے کی کوشش ہوگی،کیمپ میں شرکت کیلیے 31 ممکنہ کھلاڑیوں کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ گذشتہ روز سہ پہرکو شروع ہوگیا تھا، رات کو ہی انھوں نے ایبٹ آباد میں واقع کاکول اکیڈمی میں ڈیرے ڈال دیے، پی سی بی ذرائع کے مطابق ہفتے کو کرکٹرز کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، بورڈ کے ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، معاون یاسر ملک اور دیگر متعلقہ اسٹاف فوجی انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر چاق و چوبند بنانے کے پلان پر عمل درآمد کرائیں گے، ان کی نگرانی میں مختلف ڈرلز کا پہلا سیشن صبح 6بجے شیڈول کیا گیا ہے۔

اس کے بعد بھی شام تک 2 مختلف مراحل میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہے گا، یاد رہے کہ یہ کیمپ قبل ازیں 4جون تک مکمل ہونا تھا تاہم بعد ازاں اسے 28 مئی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تجویز پر ہیمپشائر کاؤنٹی میں 16 جون سے تربیتی کیمپ لگانے کی تیاریاں ہورہی ہیں، ایبٹ آباد میں 2 ہفتے صرف فٹنس بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا، کھلاڑی اپنی جسمانی استعداد بڑھانے کیلیے سخت محنت کرینگے، اس دوران بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کا کوئی سیشن شیڈول نہیں کیا گیا، چیف سلیکٹر بھی بعد ازاں کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور فٹنس کا جائزہ لینے کیلیے ایبٹ آباد پہنچ جائیں گے، حتمی رپورٹ مرتب ہونے کے بعد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آنے والے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے اسکواڈ کا انتخاب اور مہارت بہتر بنانے کیلیے کیمپ کا فیصلہ کیا جائے گا۔