کروڑ لعل عیسن شہر اور فتح پور میں سوئی گیس فراہمی کیلئے سروے ٹیم پہنچ گئی

News

News

کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار ) کروڑ لعل عیسن شہر اور فتح پور میں سوئی گیس فراہمی کیلئے سروے ٹیم پہنچ گئی۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا خصوصی مشکور ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن نے ٹی ایم اے کروڑ میں ریجنل ملتان سے آئی ہوئی سوئی گیس سروے ٹیم کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کے کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کروڑ لعل عیسن شہر اور فتح پور شہر میں گیس کی فراہمی کیلئے سروے ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔ صدر پاکستان ممنون حسین ،وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فرداً فرداً ملاقاتوں میں کروڑ لعل عیسن اور فتح پور شہر کیلئے سوئی گیس کی فراہمی کیلئے پر زور اپیل کی۔ جس کو منظور کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے گیس کی فراہمی کیلئے کروڑ لعل عیسن اور فتح پور میں سروے ٹیم بھیج دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں جنہوں نے حلقہ این اے 181کی عوام کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے سروے ٹیمیں بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کروڑ لعل عیسن اور فتح پور شہر کی عوام سے سوئی گیس فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ان شا ء اللہ اس کی تکمیل کیلئے ابتدا ء ہو گئی ہے اور جلد ہی یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

اس موقع پر سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ ، شیخ امین گڈو، ملک اسماعیل کھوکھر، شیخ نذیر، محمد سکندر، جہانگیر شاہ ، حاجی عامر خلیل، شاہد درانی، افضل زبیری، ملک ارشد سواگ، میاں سیف اللہ اور پیر دلدار شاہ سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔