لاہور (پریس ریلیز) ملین سمائلز فاونڈیشن اور الخدمت فاونڈیشن نے کراچی میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث شہر کراچی کے نشیبی علاقے بری طرح زیر آب آ ئے تھے، جس کے باعث وہاں معاملات زندگی معطل ہو گئے تھے۔ حالیہ بارشوں کے باعث کراچی میں ٩٩ سالہ بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور کراچی میں اس وقت اربن فلڈنگ کی صورتحال درپیش ہے۔ اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ملین اسمائلز فاونڈیشن نے الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ مل کر آفت زدہ علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت اِن علاقوں میں پھنسے ہوئے شہریوں تک خشک راشن، طبی امداد، پکا پکایا کھانا اور دیگر ضرورت کی اشیائپہنچائی جائیں گی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ملین سمائلز فاونڈیشن کے سی ای او ذیشان افضل کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، یہ بہت زیادہ افسوس ناک صورتحال ہے کہ کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں ارباب اختیار کی جانب سے اس شہر کو نظر انداز کیا جاتا رہاہے اور اس کا نتیجہ حالیہ بارشوں کی صورت میں ہمارے سامنے ہے، لوگوں کے گھر ڈوب چکے ہیں، اربن فلڈنگ کے باعث گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برباد ہو رہی ہیں اور لوگ گھروں تک محصور ہو چکے ہیں۔ اُن کاکہنا تھا کہ اسی لئے ملین سمائلز فاونڈیشن کراچی میں الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ مل کر مصیبت زدہ شہریوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ آفت کی اس گھڑی میں پوری قوم کراچی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اگر ضرورت ہوئی تو بین الاقوامی فورمز کا رُخ بھی کیا جائے گا اور انشااللہ صورتحال کے نارمل ہونے تک ملین سمائلز فاونڈیشن کے رضاکار میدان عمل میں موجود رہیں گے۔