چونیاں (جیوڈیسک) کروڑوں روپے سے تعمیر شدہ کارڈیک سنٹر چونیاں کو ریفر سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق شہر میں قائم امراض قلب کے لئے کروڑوں کی لاگت سے تعمیر کئے گئے کار ڈیک سنٹر کو ریفر سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ریفر سنٹر میں عرصہ 6 ماہ سے میڈیکل سپر نٹنڈنٹ کی سیٹ خالی ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ،لفٹ خراب وارڈز کو تالے لگے ہوئے ہیں۔ سنٹر میں صرف ایک ایمبولینس اور ایک ڈرائیور ہے جس کی چوبیس گھنٹے ڈیوٹی ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نذیر نے بتایا کہ ہم نے کئی دفعہ سیکرٹری ہیلتھ کو اس بارے میں خط لکھا مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد چیمہ کو عارضی طور پر اس کا انچارج بنایا گیا ہے اس پورے علاقہ میں صرف ایک دل کا ہسپتال ہے جہاں پر ایک بھی ہارٹ سپیشلسٹ نہیں۔ایک میڈیکل آفیسر موجود ہے جس کا کام مریضوں کو صرف لاہور ریفر کرنا ہے۔ پورے ہسپتال میں صرف ایک ثناء اﷲ نامی مریض داخل ہے باقی بیڈز خالی پڑے ہیں۔ دو مریض آئے تھے جو ڈاکٹر موجود نہ ہونے کی وجہ سے لاہور ریفر کر دیے گئے۔ ہسپتال میں صفائی کا انتظام بھی انتہائی ناقص ہے۔
بیڈز کی گندی چادروں کو واش کرنے کی بجائے زمین پر پھینک دیا گیا ہے ہسپتال میں لفٹ موجود ہے لیکن استعمال نہ ہونے کی وجہ سے خراب ہو گئی ہے۔ فسٹ فلور پر وارڑز کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ ایک ایمبولینس ڈرائیور ہے جس کی ڈیوٹی 24 گھنٹے ہے اور وہ ڈرائیور بھی رورل ہیلتھ سنٹر کھڈیاں سے عارضی ڈیوٹی پر منگوایا گیا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔