لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جب لاکھوں کا مجمع استعفیٰ لینے آئے گا تو حکمرانوں کو راہ فرار نہیں ملے گا۔
مسلم لیگ ن کسان ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں زراعت نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا لیکن آج کسان کو اپنی محنت کا صحیح معاوضہ بھی نہیں مل رہا، پیداوری قیمت بڑھنے سے کسان کمزور سے کمزور تر ہوتا جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج یوں لگتا ہے ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت آنے سے زراعت کا شعبہ یتیم ہو گیا ہے، ہم کسانوں کا مزید استحصال برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےکال دی تو ملک بھر کے کسان ہمارے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے، مسلم لیگ ن نے ایک مرتبہ پھر قومی تعمیر نو کا کام شروع کرنا ہے۔
حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ لاکھوں کا مجمع استعفیٰ لینے آئے گا تو حکمرانوں کو راہ فرار نہیں ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانی کرنے کے لیے بڑا دل اور بڑی سوچ چاہیے لیکن عمران نیازی کے پاس صرف برا کہنے والوں کی ٹیم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گالیاں نکالنے سے ملک خوشحال نہیں ہوتے، انہیں 500 سال بھی دیے جائیں تو یہ کہیں گے کہ تھوڑے ہیں، 1000 سال دیے جائیں۔
براڈ شیٹ معاملے پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بارز کہہ رہی ہیں کہ عظمت سعید خود کو براڈ شیٹ سے الگ کر لیں۔