کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 21 تا 23 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والا اجتماع عام پاکستان کو اسلامی مملکت بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی نیو کراچی زون کے تحت ایک پروگرام میں کہی۔
انہوں نے خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں نیکی کمزور ہے اور برائی کو فروغ دے کر طاقت ور بنایا جا رہا ہے، لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ نیکی کو پھیلانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیا جائے۔
پروگرام سے خطاب میں ناظمہ ضلع وسطی ثمینہ قمر نے اجتماع عام کے حوالے سے خواتین کی ذمہ داریاں بتائیں اور کہا کہ اجتماعیت کا حکم اللہ نے ہمیں دیا جو ایک جہاد ہے، جہاد میں حصہ لینے کا مقصد یہ ہے کہ ہم خود کو جانی و مالی قربانی کے لیے بھی تیار رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ پر مکمل بھروسہ رکھتے ہوئے سفر کی تیاری کریں اور تقوی کے دامن کو تھامے رکھیں۔