قصور (محمد عمران سلفی سے) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزیر معدنیات پنجاب چوہدری شیر علی خان نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا ‘انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور انکے اہل خانہ سے ہسپتال میں فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ‘مریضوں اور لواحقین نے طبی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انکے ہمراہ ڈی سی او قصور سلمان غنی’اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ، یعقوب ندیم سیٹھی ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال میڈم شہناز نسیم ، اسسٹنٹ کمشنر محمد شاہ رخ نیازی ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر رضوان صادق اور دیگر محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان نے بچہ وارڈ، میڈیکل وارڈ ، ہیپا ٹائٹس وارڈ ، ڈائیلسز وارڈ ، ایکسرے روم ، الٹرا سائونڈ روم ، لیبارٹری ، میڈیسن سٹور ،ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس موقع پر ایم ایس نے ہسپتال کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ہسپتال میں لوگوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف عوام الناس کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے گراں قدر اقدامات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں شعبہ ہیلتھ میں خطیر فنڈز مہیا کئے جا رہے ہیں کیونکہ عوام کوانکی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ بعدازاں صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے لینڈ ریکارڈ سینٹر قصور کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور وہاں پر زمینداروں سے انکے مسائل اور اس جدید ترین سسٹم کی افادیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔