وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مقامی میرج ہال میں نویں سالانہ میلاد مصطفیۖ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مس تنویر اختر آف کھڑی شریف نے کی۔
مہمان خصوصی کلثوم اختر نے کانفرنس میں شریک خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا نبی پاک ۖ کی آمد کیساتھ ہی ظلم وکفر اور جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور انسانیت کو اس کی معراج ملی، آج دین سے دوری کی وجہ سے مسلمانان عالم مشکلات کا شکار ہیں۔ اگر ہم نبی پاک ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں تو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ تحصیل صدر ویمن لیگ ام حبیبہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپۖ کی حیات طیبہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے آپ ۖ کی آمدپر ہم رب کائنات کا جتنا بھی شکر اداکریں کم ہے۔
اس موقعہ پر سیدہ زینب نعت کونسل اور منہاج نعت کونسل وزیرآبادکی طرف سے سرور کائنات آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ۖ کے حضور ہدیہ عقیدت پیش کرتے ہوئے دف پر نعتیں پڑھی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر خواتین کو دستار شریف اور دیگر مقدس اشیاء کی زیارتیں کروائی گئیں جبکہ بذریعہ قرعہ اندازی حاضرین میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔