وفاقی کابینہ کی اہم بیٹھک تین ستمبر کو کراچی میں ہو گی، اجلاس میں کراچی کی امن وامان کی صورتحال پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منگل کو کراچی میں ہو رہا ہے۔ جس میں کراچی کے لیے امن کی حکمتِ عملی اور امن و امان کی صورتِ حال زیر غور آئے گی۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ کراچی کے معاملات پر کافی ہوم ورک ہوچکا ہے۔ جسے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے بعد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ کراچی میں کاروا ئی کے نگران صوبے کی وزیرِاعلی ہی ہونگے اور انہیں وفاقی سکیورٹی اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہو گا۔
شرپسندوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی ہو گی۔ اس اجلاس کو کراچی کی موجودہ صورتحال میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ کراچی بدامنی کیس میں اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے وفاق کی طرف سے جواب دینے کے لیے وقت مانگتے ہوئے کہا کہ دو ستمبر کو وفاقی کابینہ کا اجلاس شہر میں ہو رہا ہے۔ جس کے بعد ہی وہ عدالت کو حکومتی پالیسی کے خد وخال کے متعلق آگاہ کر سکیں گے۔