کراچی (جیوڈیسک) گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گورنر ہاس کراچی میں آج وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کے علاوہ وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل، تاجروں کے نمائندے، کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک شریک ہوئے۔
ٹرانسپورٹرز نے وفاقی وزیر کو اضافی ٹیکس ،ٹریفک پولیس کی جانب سے جگہ جگہ روکے جانے، چالان اور دیگر مسائل سے آگا کیا۔وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ٹرانسپورٹرز رہنمائوں کو ٹیکس میں کمی کی یقین دہانی کرا دی ،وزیر خزانہ نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے تمام جائز مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔
جس کے متعلق نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ مذاکرات قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کیے، ٹرانسپورٹرز رہنمائوں نے بہتر انداز سے مسائل کو اجاگر کیا۔ ٹرانسپورٹرز رہنمائوں نے وفاقی وزیر کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔