وزیر اعلی پنجاب نے شیعہ علما کونسل کے ڈویژنل صدر شیخ منظور حسین کی بیٹے سمیت قاتلانہ حملے میں ہلاکت کا سخت نوٹس لے لیا

لاہور (پی پی سی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے شیعہ علما کونسل کے ڈویژنل صدر شیخ منظور حسین کی بیٹے سمیت قاتلانہ حملے میں ہلاکت کا سخت نوٹس لیاہے اور متعلقہ اداروں کو ملزموں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے اس واقعہ کی مکمل رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ وزیر اعلی پنجاب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ شیخ منظور حسین (مرحوم)ایک اچھے، ملنسار اور درد دل رکھنے والے امن پسند انسان تھے۔

اور انہوں نے ضلع میں امن و امان کے قیام کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری محمد شفیق انور نے امام بارگاہ لنگر حسینی میں شیخ منظور حسین (مرحوم) اور ان کے بیٹے کی وفات پران کے لواحقین بیٹے شیخ اسد منظور، ضلعی صدر فقہ جعفریہ رانا محمد حسین، سید مجید زیدی، بابر الزمان و دیگرسے اظہار تعزیت اور فاتح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہشرپسندوں نے ہمارے جسم کا ایک حصہ علیحدہ کر دیا ہے اور اہل تشیع برادری کے اس عظیم سانحہ میں حکومت، انتظامیہ، سول سوسائٹی اور تاجربرادری ان کے ہمراہ ہیں اور یہ مل کر ضلع کے امن کو خراب کرنے کی سازش کرنے والوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیرونی طاقت کو ضلع کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی پنجاب میاں امتیاز احمد نے کہا کہ گذشتہ تین روز سے ہم سب مل کر اس ضلع کا امن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اور اس میں اہل تشیع برادری کا تعاون مثالی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی شب و روز کوشاں ہے اور اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ مسلسل رابطہ میں ہے اور امن وامان کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدام کر یقینی بنا رہے ہیں۔ضلعی صدر اہل تشیع رانا محمد حسین نے کہا کہ اہل تشیع برادری امن و امان کے قیام کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے مارکیٹوں میں تاجر برادری کے نقصان کی بھی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ان شرپسند عناصر سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس تو اس بات کا ہے کہ تاجر برادری کی آڑ میں انہیں شرپسندوں نے ہماری عبادت گاہ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ نے اپنی انکوائری سے آپسی خدشات کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری رواداری کا مظاہرہ یہ ہے کہ ہمارے قائد کی ہلاکت کے خلاف آج پورے پاکستان میں مظاہرے ہو رہے ہیں جبکہ شہر کے امن اور عوام کی سلامتی کے لئے ہمارا ضلع ان مظاہروں میں شریک نہیں ہے۔

اس مو قع پر ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ شیخ منظور حسین اور ان کے بیٹے کے قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تاجر برادری کو تنگ کرنے میں اہل تشیع برادری شریک نہیں بلکہ چند شرپسند عناصر ہیں جو انتشار پیدا کرنا چا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلا خوف و خطر بازاروں میں خریداری کریں۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں میں احتیاطی طور پر پولیس کی نفری تعینات ہے۔

جو عید کے بعد تک رہے گی۔ڈی پی او نے کہا کہ تاجروں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری محمود الحسن چیمہ، ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹرجاوید احمد، ایس ایس پی ذیشان صدیقی، خواجہ محمد ادریس، سید مجید زیدی، ضلعی صدر یوتھ ونگ میاں سجاد احمد، چوہدری اظہر جمیل نقشبندی، چوہدری عبدالصبور، خطیب النبی شاہ سمیت دیگر موجود تھے۔