اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، کراچی کی صورتحال اور متحدہ کے تحفظات سے متعلق گفتگو کی گئی، چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کسی بے گناہ کو نہیں پکڑا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دبئی میں موجود گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کراچی کی صورتحال پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے چوہدری نثار سے گفتگو میں اچانک دبئی روانگی سے متعلق وجوہات بیان کیں۔
چوہدری نثار علی خان نے متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بابر غوری کو بھی ٹیلی فون کیا جس میں کراچی آپریشن کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے بابر غوری کو متحدہ کے تحفظات پر سنجیدگی سے غور کی یقین دہانی کرائی اور انہیں دور کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ ذرائع کے مطابق بابر غوری نے چوہدری نثار کو بتایا کہ ان کی جماعت نے آپریشن کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا، بے گناہوں کو پکڑا جائے گا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
بابر غوری نے وزیر داخلہ سے شکوہ کیا کہ ہمارے دفتر پر چھاپا مارا گیا جو سرا سر زیادتی ہے، ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، عالمی ذرائع ہمارے خلاف خبریں ٹیلی کاسٹ کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بابر غوری نے گفتگو میں یہ بھی شکوہ کیا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کی مانیٹرنگ کیلئے تاحال کمیٹی نہیں بنائی گئی، انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر مجرموں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے بابر غوری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بے گناہ کو نہیں پکڑا جائے گا۔
دوسری جانب چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کراچی کی صورتحال کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ ترکی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔