مہمند ایجنسی (شکیل مومند) مہمند ایجنسی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر زرخان صافی کی ہدایت پر بی آئی ایس پی کی چئیرپرسن اور وزیر مملکت ماروی میمن نے مہمندایجنسی کا دورہ کیا، رمضان المبارک کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ازسرنو سروے کیاجائے گا۔
اس بار سروے میں امیر وغریب تما م لوگوں کو شامل کرینگے ، شناختی کار ڈ سے محروم خواتین اپنے کارڈ کو بنواکر سروے میں ضرور اپنا نام شامل کریں ۔ مہمندایجنسی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر زرخان صافی اور دیگر کارکنوں کی ہدایت پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چئیر پرسن وزیر مملکت ماروی میمن ، پروگرام کے ڈائریکٹر عرفان یوسفزئی نے گزشتہ روز بدھ کے روز مہمندایجنسی ہیڈکوارٹر غلنئی کا دورہ کیا۔
اس ہیڈ کوارٹر غلنئی وزیر کلے میں پرویز خان کے حجرہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کی چئیر پرسن اور وزیر مملکت ماروی میمن نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد پورے فاٹا میں پہلی بار افتتاحی طورپر صرف مہمندایجنسی میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا ازسر نو سروے کیا جائے گا جس کیلئے سروے ٹیمیں تشکیل دیئے جائیں گے جوکہ پورے ایجنسی میں گھر گھر جاکر سروے کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار سروے میں امیر وغریب ہر قسم کے طبقے کے لوگوں کو شامل کیاجارہا ہے تاکہ کوئی بھی گھرانہ سروے سے محروم نہ رہ سکیں جس کا بنیادی مقصد یہ بھی ہے کہ ایک مفصل ڈیٹا کو اکھٹا کیاجائے تاکہ بعدمیں کسی بھی ناگہانی حادثات کی صورت میں ان کے ساتھ حکومت مالی تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ پورے فاٹا میں مہمندایجنسی ایک پرامن علاقہ ہے اور یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اسلئے قبائلی علاقہ جات میں ابتدائی طورپر مہمند ایجنسی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیاجارہا ہے جن خواتین اپنے قومی شناختی کارڈ نہیں بنوائے تو وہ فوری طورپر اپنے مقامی نادرا سوئفٹ سنٹر میں اپنا کارڈ بنوائیں تاکہ انہیں سروے کے دوران رجسٹر کیاجائے ۔جس کیلئے مانیٹرنگ کا بھی موثر نظام تشکیل دیاجارہا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ فاٹا میں وزیراعظم پاکستان کی موثر پالیسی اور پاک فوج کی کا میاب آپریشن ضرب عضب کے باعث امن دوبارہ لوٹ آیاہے اسلئے یہاں پر ترقیاتی پروگرام شروع کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے علاقے کے مقامی پولیٹیکل انتظامیہ،سیکورٹی فورسز، سیاسی کارکنوں ، قومی مشران ، میڈیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ سروے کے دوران ٹیموں کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی گھرانہ سروے سے محروم نہ ہوسکیں۔