جو وزرا ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں، علی محمد خان

Ali Muhammad Khan

Ali Muhammad Khan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ جو وزرا اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔

وزیراعظم کی طرف سے بعض وزرا کو کارکردگی ایوارڈ دینے پر حکومتی بینچوں میں بھی چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں اور بعض وزرا زیر لب گلہ کرنے لگ گئے۔ وزیر پارلیمانی امور بھی شکوہ گروپ میں شامل ہوگئے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں میں اظہار کرگئے ۔

علی محمد خان نے کہا کہ جو وزرا اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، متعلقہ قائمہ کمیٹیز میں نہیں آتے، ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں، چیئرمین یقین دہانی کمیٹی کی جانب سے ایجنڈے کے مطابق متعلقہ وزرا، سیکرٹریز بلانے کی حمایت کرتا ہوں، بطور پارلیمانی امور وزیر حکومتی وزرا کی طرف سے ان کی وزارتوں سے متعلق یقین دہانی کراتا ہوں، بعض وزرا ان یقین دہانیوں سے ایوان میں اظہار لاتعلقی کردیتے ہیں مگر ایوارڈ کے حق دار بھی وہی ہیں۔

دوسری جانب فواد چوہدری نے بھی دبے لفظوں میں کہا کہ ہم اس لیے جگہ نہیں بناسکے کہ کارکردگی ان پروجیکٹس پرعملدرآمد سے جانچی جاتی ہے جو وزارت وزیراعظم آفس کودیتی ہے۔