جیسا کہ آپ جانتے ہیں 25 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھا لیا جن میں امور قومی سلامتی ، ہوابازی ، داخلہ ، پانی وبجلی ، ریلوے ، خزانہ سمیت دیگر اہم وزیر اور مشیر شامل ہیں لیکن ماضی کی طرح اس بار بھی کچھ اہم وزارتوں کو اہمیت نہیں دی گئی ، ایسی وزارتیں جو سارے خسارے پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پہلی وزارت تو محکمہ کرپشن کی بنتی تھی لیکن میاں نواز شریف کرپشن کیخلاف اعلان جنگ کر چکے ہیں۔
اس لئے اب تو صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ میاں صاحب کو اس عظیم جہاد میں فتح نصیب فرمائے (آمین) پاکستان کے عوام ٹیکس دیتے ہیں اورنہ دینا چاہتے ہیںلیکن ہماری حکومتیں ہر دور میں ٹیکس اکٹھا کرنے کی غرض سے بڑی محنت کرتی ہیں۔ جو چیز لوگ خوش ہوکر دیتے ہیں اُس کاآج تک کوئی محکمہ اور وزارت ہی قائم نہیں کی گئی۔ جی ہاں میری مراد رشوت سے ہے۔
موجودہ حالات میں رشوت ستانی فوری طوریاتادیر ختم ہوتی نظر نہیں آتی اس لئے اگر وزارت رشوت کا قیام عمل میں لا کر رشوت کوقومی امانت قرار دے دیا جائے اور چوری چھپکے کی بجائے سرعام ریٹ لسٹ لگا دی جائے تو بھی عوام کی بہتری ہوسکتی ہے ، اس بات کا خیال رکھا جائے کہ وزیر رشوت کسی قسم کی سفارش قبول نہ کرے ، جو سائل محکمہ رشوت کے قوائد وزوابط کے مطابق مقررہ نرخ ادا کردے اُس کی درخوست پر عمل ہو جانا چاہئے۔
اگر وزیر رشوت ، رشوت لے کر بھی سفارشیوں کے کام کرے گا تو اس وزارت کا مقصد ختم ہوجائے۔ باقی تمام محکموں کی طرح اس محکمے پر بھی لوگوں کو اعتبار نہیں رہے گا۔ ایسا میں اس لئے کہہ رہا ہوں کیونکہ اگر کسی شخص کے پاس رشوت کی رقم اور سفارش دونوں موجود ہیں تو اُس کا کام آج بھی نہیں رکتا۔ ہم گزشتہ 65.66 سالوں سے ٹیکس اکٹھا کرنے میں بُری طرح ناکام رہے ہیں۔
اس لئے اگر ٹیکس کی بجائے رشوت ستانی کو قانون کے دائرے میں لاکر ایک وزیر تعینات کر دیا جائے تو ملکی خزانے کو اچھا خاصہ فائدہ ہوسکتا ہے۔ آ ج محکمہ پولیس میں سپاہی بھرتی ہونے کے لئے لوگ میرٹ پر پورا اُترنے کے بعد دو سے تین لاکھ رشوت دینے کیلئے تیار ہیں ، واپڈا میں چھوٹی سے چھوٹی ملازمت کے لئے بھی لاکھ دو لاکھ روپے کی رقم کچھ زیادہ نہ ہے ۔اسی طرح ہر محکمے میں آفیسر رشوت لیتے اور عوام دیتے ہیں۔
Bribery
اس حقیقت سے کون واقف نہیں کہ عوام تھانے کچہری سے لے کر ہر سرکاری دفتر میں داخل ہونے سے پہلے اپنی جیب میں کچھ نہ کچھ ڈال کر جاتے ہیں۔ محکمہ رشوت کے قیام کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچے گا کیونکہ آج لوگ ملازمت کے لئے رشوت کی رقم دے کر بھی ملازمت حاصل کر پاتے ہیں نہ ہی اُن کی رقم واپس ملتی ہے ۔اپنے جائز کام کے لئے رشوت دینے کے باوجود مہینوں سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنا پڑتے ہیں۔
ہاں اگر سفارش کو بھی زندہ رکھنا لازمی ہے تو پھر اُسے بھی قانون کے دائرے میں لاکر ملکی خزانے اور عوام کی بہبود کے لئے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ،کچھ محکمے رشوت اور کچھ سفارش میں بانٹ کر مزید بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ رشوت اور سفارش کی وزارتیں قائم ہونے پر اقرباء پروری کا خاتمہ ہونے کے امکانات تو روشن ہیں لیکن پھر بھی اگر اقرباء پروری زندہ رہے تو اُسے بھی ایک وزیر دے دیا جانا چاہئے۔
ارے ارے قارائین پریشان ہونے کی ضرورت نہیں یہ تما م وزیر ملکی خزانے پر کسی قسم کا کوئی بوجھ نہیں ڈالیں گے کیونکہ یہ اپنے لئے خود وسائل پیدا کرسکتے ہیں اس لئے حکومت ان کو کچھ دینے کی بجائے اگر صرف لینے کی شرط پر وزارتیں دے تو بھی لاکھوں اُمیدوار میدان میں نظر آئیں گے اور کئی جگہ خون خرابہ ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
اِن محکموں کی وزارتیں حاصل کرنے کے اربوں کی بولی بھی لگائی جائے تو بھی لوگ دینے کو تیار ملیں گے۔راقم ماہر رشویات ، ماہر سفارشیات اور اقربا پر وریات نہیں ہے اس لئے اگرحکومت وقت کو مشورہ پسند آئے تو ضروری ہے کہ اِن محکموں کے ماہرین جو کہ ہمیں باآسانی پاکستان کے ہر شہر اور گائوں میں مل جائیں گے کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ وزارت رشوت ، وزارت سفارش اور وزارت اقربا پروری سے بہتر سے بہتر نتائج برآمد کئے جاسکیں۔
اگر میاں صاحب کو کرپشن کے خلاف جنگ میں مشکلیں پیش آئے اور اس نگ میں ہار کے امکانات زیادہ ہوجائیں تو کرپشن کو بھی ایک قابل وزیر سے نوازکر قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکتے ہیں۔ قومی خدمت اس لئے کہہ رہاہوں کیونکہ کرپشن ، رشوت ،سفارش اور اقرباء پروری کو محکمے بنا دیئے جائیں تو اِن تما م لعنتوں کو پی آئی اے ، ریلوے ،سٹیل مل اور دیگر اداروں کی طرح تباہ کرنا آسان ہو جائے گا۔
Imtiaz Ali Shakir
تحریر : امتیاز علی شاکر imtiazali470@gmail.com.03154174470