وزارت صنعت نے پاکستان اسٹیل کی بحالی کیلئے تجاویز پیش کر دیں

Pakistan Steel

Pakistan Steel

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کی بحالی کے وزارت صنعت نے مختلف تجاویز وزارت خزانہ کو بھجوا دیں، ادارے کیلئے 21 ارب روپے کے بیل آوٹ پیکیج کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ ان تجاویز کو جمعرات کے دن اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کرے گی۔ وزارت صنعت نے تجویز دی ہے کہ یا تو پاکستان اسٹیل کی مکمل طور پر نجکاری کردی جائے یا پھر کم از کم 26 فی صد شیئرز فروخت کیے جائیں۔

وزارت صنعت ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز کے لیے 21 ارب روپے بیل آوٹ پیکیج کی ضرورت ہے۔ اس رقم میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 3 ارب روپے، خام مال کے لیے 9 ارب روپے جبکہ بینکوں کے قرض پر سود کی مد میں 9 ارب روپے شامل ہیں۔ مالی بحران کے باعث پاکستان اسٹیل کی پیداوار میں شدید کمی آئی ہے جبکہ ادارے کے ملازمین بھی تقریبا 3 ماہ کی تنخواہوں کے منتظر ہیں۔