اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے محرم الحرام پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب پشاور میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔
وزارت داخلہ نے جی ایچ کیو کو خط کے ذریعے درخواست کی ہے کہ محرم میں حساس مقامات پر فوج تعینات کی جائے۔ عسکری ذرائع کے مطابق پندرہ ہزار جوان حساس علاقوں میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے موجود ہوں گے۔
دوسری جانب پشاور میں سیکورٹی کے پیش نظر ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر اسلام کے مطابق پشاور میں تین دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی ہو گی جبکہ اسلحے کے پرمٹ بھی تین روز کیلئے منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ شہر میں افغان مہاجرین کے داخلے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جن افغان مہاجرین کے پاس کوائف موجود نہیں انہیں فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا جائے گا۔