اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں سیکریٹری داخلہ کو وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے قومی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے افسروں کی غیر ملکیوں سے ہر قسم کی ملاقات اور چھ ماہ کے لئے غیر ملکی دوروں پر پابندی اور اسلحے کے نئے لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی۔
اسلام آباد وزیر داخلہ چودھری نثار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی شکایات کے لئے وزارت داخلہ اور انسداد منشیات میں ہاٹ لائن قائم کی جائیں۔
وزیر داخلہ نے وفاق اور صوبوں، سول اور ملٹری تحقیقاتی اداروں میں معلومات کے تبادلے کو موثر بنانے اور جولائی میں نیشنل سیکیورٹی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ملاوٹ شدہ اور جعلی منرل واٹر بنانے والی فیکٹریوں کو سیل، جعلی ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹورں کے خلاف بھی کارروائی اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن اور کچی آبادیوں کے سروے کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔