پشاور (جیوڈیسک)پشاور ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر وزارت داخلہ کے سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈپٹی سیکریٹری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ ایف سی پلاٹونز کی خیبر پختونخوا کو واپسی کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے ملک کے دیگر حصوں میں تعینات ایف سی اہل کاروں کی عدم واپسی پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے وزارت داخلہ کے سیکریٹری، ڈپٹی سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری کو کئی بار پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ عدم تعمیل پر چیف جسٹس نے وفاقی سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکریٹری کی تنخواہیں روکنے اور انھیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔