اسلام آباد (جیوڈیسک) تعلیم کے نظام میں بہتری کے لیے کوششوں کے بجائے ایسا لگتا ہے کہ وفاقی حکومت کو صرف اس کی وزارت کے نام کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایک یادداشت کے مطابق، وزارتِ ایجوکیشن، ٹریننگ اور اسٹینڈرڈز ان ہائر ایجوکیشن کو اب ’فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن‘ کے نام سے پکارا جائے گا۔
یوں اس نئے نام کے ساتھ اس وزارت کا نام تین سالوں میں چوتھی مرتبہ تبدیل ہو گا۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت تعلیم کو صوبائی حکومت کی ذمہ داری قرار دیا گیا تھا، اور اپریل 2011ء میں یہ وفاقی وزارت تعلیم صوبوں کو منتقل کردی گئی تھی۔