اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت پانی و بجلی نے وزیراعظم کو کل تک ایک ہزار میگاواٹ نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کی خوشخبری سنادی ہے، اس وقت صورتِحال یہ ہے کہ ملک کے کئی شہروں میں 8 اور دیہات میں 10 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے عوام کا براحال ہو گیا ہے۔ وزارت پانی وبجلی نے وزیراعظم نواز شریف کو بجلی کی صورتحال بہتر ہونے کی نوید دیدی۔ بجلی کی صورتحال پر وزیر اعظم کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ دو بجے تک بجلی کی پیداوار 12300 میگا واٹ سے زائد ہو گئی، آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، اسلام آباد میں چار جبکہ لاہور میں 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید کمی ہو جائے گی۔ یہ تو تھی وہ رپورٹ کو وزارت پانی و بجلی نے پیش کی لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے، لیسکو نے کل لاہور میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا،پر شہری ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کی اذیت اب بھی برداشت کر رہے ہیں۔ چمن میں جاری یہ احتجاج اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف ہی ہے۔لوگ اس بات پر مشتعل نظر آتے ہیں کہ اصل صورتحال حکام بالا تک پہنچ ہی نہیں پاتی۔