وزارت خزانہ کی پاکستان میں غیر ملکی بینکوں سے بھی قرض کی درخواست

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) زرمبادلہ زخائر میں اضافے اور عالمی ادائیگیوں کے بحران سے بچنے کیلئے وزارت خزانہ نے پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی کمرشل بینکوں سے بھی قرض کے لئے درخواست کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے قرض کے حصول کیلئے پاکستان میں کام کرنیوالے غیر ملکی کمرشل بینکوں کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں بینکوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کیلئے بیرون ملک اپنے صدر دفتر سے درخواست کریں۔ بینکوں کو اس سلسلے میں 28 اگست تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔قرض ایک سال کیلئے ہوگا اور اس پر 5.5 فیصد سالانہ کی شرح سے سود دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور آئندہ چند ماہ میں عالمی ادائیگیوں کے بحران سے بچنے کیلئے وزارت خزانہ مختلف آپشنز پر کام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان نے آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک سے بھی قرض کی درخواست کر رکھی ہے۔