وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق خام تیل10فیصد کمی سے 5 لاکھ59 ہزار ٹن درآمد ہوا۔ ملک بھر میں کھپت میں اضافے کے بعد مئی میں پٹرول کی درآمد میں38 فیصد اضافہ رہا اور گزشتہ ماہ2 لاکھ 14 ہزار ٹن سے زائد پٹرول درآمد کیا گیا جو کہ ملکی تاریخ میں اب تک ماہانہ پٹرول کی درآمد کی بلند ترین سطح ہے۔
گزشتہ ماہ پٹرول کے چار ٹینکرز درآمد کیے گئے،کھپت میں اضافے کے بعد پٹرول کے کم از کم50 ہزار ٹن کی کنسائمنٹ درآمد کی جارہی ہے، مئی میں پٹرول کی کھپت بھی 3 لاکھ60 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی ہے، خام تیل کی درآمد 10 فیصد کمی سے 5 لاکھ59 ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی،گزشتہ ماہ ڈیزل کی کھپت میں اضافے کے باوجود اس کی درآمد میں کمی رہی جس کی وجہ ملکی ذخائر میں سے ڈیزل کی فراہمی بتائی جاتی ہے۔
مئی میں 2لاکھ12ہزار ٹن سے زائد ڈیزل درآمد کیا گیا جبکہ اپریل میں 2 لاکھ45 ہزار ٹن ڈیزل درآمد کیا گیا، مئی میں فرنس آئل کی درآمد میں 13فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور 5لاکھ45 ہزار ٹن سے زائد فرنس آئل درآمد کیا گیا جبکہ اپریل میں 4 لاکھ84 ہزار ٹن سے زائد فرنس آئل درآمد کیا گیا تھا۔