اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈاہگہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کو بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کو چھ سو پچاس میگا واٹ بجلی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، یہ بجلی ملک کے دیگر علاقوں کو فراہم کی جائے گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس چیئرمین ارشد خان لغاری کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس میں متبادل توانائی اور این ٹی ڈی سی کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
آئیسکو کی جانب سے 2 سال سے ٹرانسفارمرز نہ خریدنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈاہگہ نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ کے الیکٹرک کو چھ سو پچاس میگا واٹ بجلی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیپرا اور این ٹی ڈی سی نے فیصلے سے متعلق کے الیکٹرک کو آگاہ کر دیا ہے۔
کے الیکٹرک کو پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا کرنے کی تجویز دی گئی ہے کیونکہ اپنے پلانٹس سے کے الیکٹرک اڑھائی ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کر سکتی ہے، کے الیکٹرک کو فراہم کی جانے والی بجلی ملک کے دیگر علاقوں کو دی جائے گی۔